نئی دہلی 12 دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) سال 2012 کے نربھیا عصمت دری معاملہ میں ایک مجرم کی نظر ثانی کی درخواست پر سپریم کورٹ سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ میں 17 دسمبر دوپہر 2 بجے سماعت کی جائے گی۔ مجرم اکشے کمار کی نظر ثانی کی درخواست پر تین ججوں کا بنچ سماعت کرے گا۔سات سال پہلے 16 دسمبر کو چلتی بس میں نربھیا(فرضی نام)کی اجتماعی آبروریزی اور قتل کے معاملے میں عدالت نے چار ملزمان کو پھانسی کی سزا سنائی ہے۔اسی کیس کے ایک مجرم ونے شرما نے صدرجمہوریہ کو خط لکھ کر اپنے لیے’رحم‘ کی درخواست واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ مجرم ونے شرما نے اپنے وکیل اے پی سنگھ کے ذریعے صدر کو خط لکھ کر درخواست کی کہ اسے رحم کی درخواست واپس لینے کی اجازت دی جائے۔ خط میں دعویٰ کیا گیا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے صدر کو بھیجی گئی رحم کی درخواست پر اس کا دستخط نہیں ہے۔وکیل سنگھ نے الزام لگایا کہ یہ ایک سازش ہے، کیونکہ انہوں نے ابھی تک ایک اصلاح کی عرضی دائر نہیں کی ہے۔ سپریم کورٹ سے پھانسی کی سزا ملنے کے بعد مجرموں کی رحم کی درخواست صدر کے پاس ہے۔ صدر کے رحم کی درخواست مسترد کرتے ہی قصورواروں کی پھانسی کی سزا طے ہو جائے گی،لیکن اسی درمیان چار قصورواروں میں سے ایک نے سپریم کورٹ میں ہی نظر ثانی عرضی داخل کی ہے۔